9 فروری، 2026، 7:17 PM

جمہوریت میں ایران کا کوئی ثانی نہیں، 47 سالوں میں 50 عام انتخابات ایک ریکارڈ ہے، صدر پزشکیان

جمہوریت میں ایران کا کوئی ثانی نہیں، 47 سالوں میں 50 عام انتخابات ایک ریکارڈ ہے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے کہا ہے کہ ایران میں گذشتہ 47 برسوں میں 50 عام انتخابات ہوئے، جمہوریت کا دعوی کرنے والے کسی دوسرے ملک کے پاس یہ اعزاز نہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے گذشتہ 47 برسوں کے دوران 50 عام انتخابات کرائے۔ دنیا میں جمہوریت کا علمبردار بننے والا کون سا ملک ایسی مثال پیش کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، تہران میں مختلف ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ۲۲ بہمن اسلامی انقلاب کی کامیابی کا دن اور ایران کی تاریخ کا ایک منفرد اور فیصلہ کن موڑ ہے۔ یہ دن ایران میں دینی جمہوریت کے ایک نئے دور کا آغاز تھا اور آج ہم اس باوقار دن کی سینتالیسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

انہوں نے انقلاب کے بعد کے تمام ادوار میں صبر، استقامت اور ایثار کا مظاہرہ کرنے والی ایرانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب عصر حاضر کے عظیم ترین واقعات میں سے ایک ہے جس نے سیاسی آزادی اور حقِ خود ارادیت کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے بیرونی سازشوں کے باوجود آزادی اور ترقی کی راہ میں اہم اقدامات کیے ہیں۔ حکومتی امور میں عوامی شرکت کو فروغ دینے کے لیے متعدد انتخابات منعقد کیے گئے، تاکہ شہری اپنے مستقبل کے تعین میں براہ راست کردار ادا کر سکیں۔

صدر پزشکیان نے سوال اٹھایا کہ کون سا انقلاب ایسا ہے جس نے کامیابی کے محض ۴۵ دن بعد نظام حکومت کی نوعیت پر عوامی ریفرنڈم کرایا ہو؟ اور کون سا بڑا انقلاب ایک سال سے بھی کم عرصے میں آئین مرتب کرکے اسے عوامی رائے کے لیے پیش کرنے میں کامیاب ہوا ہے؟

انہوں نے سائنسی و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں میں جامعات، تحقیقی مراکز اور علمی اداروں کی تعداد میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔ حیاتیاتی علوم، طب، نینو ٹیکنالوجی اور خلائی سائنس جیسے شعبوں میں ایران نے نمایاں پیش رفت کی ہے اور نوجوان سائنس دانوں کی بدولت علمی مقالات کی اشاعت میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے، بشرطیکہ فریق ثانی بھی دیانت داری اور وعدے کی پاسداری کا مظاہرہ کرے۔

News ID 1937941

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha